سردیوں کے موسم کے مطابق
کچھ سبزیاں لگانا سیکھیں ۔
آج میں آپ کو دھنیاں، لہسن، مرچ، ٹماٹر، اور پودینہ لگانا بتاؤں گی اور بھی
جو سبزیاں موسم کے مطابق آپ لگانا چاہیں مجھے کمنٹس میں بتادیجئے گا پھر میں اگلی
کلاس میں بتاؤں گی ۔میں نے پچھلی کلاس میں سبزی کے پودے کےحساب سے گملے کا انتخاب
بتا یا تھا اس سبق پر نظر ثانی کرلیجئے گا تاکہ جب آپ سبزیوں کے بیج بونا شروع
کریں تو کوئی مسئلہ نہ ہو وڈیوز میں تفصیل زیادہ ہوتی ہے وہاں لیکچرز ہوتے
ہیں یہاں لکھ کر کلاس کی جاتی ہے تفصیل تو میں اس میں بھی دیتی ہوں لیکن دیکھنے
سننے کی بات اور ہے۔
لہسن اگانا
لہسن کے بغیر ہمارے مشرقی
کھانے ادھورے ہیں بہت زیادہ فوائد رکھتاہے قدرتی اینٹی بائیوٹک ہے اس کو گھر میں
اگانابہت آسان ہےاکتوبر نومبر میں اس کو لگانا زیادہ آسان ہے جب اس کی کلیوں یا
جووں سے ہرے پتے بنتے نظر آئیں فریج میں کافی دن رکھنے سے بھی جڑیں اور پتے بننا
شروع ہوجاتے ہیں۔ اپنی
گھر کی ضرورت کے لحاظ سے جتنی مقدار اگانا ہے اتنا چوڑا اور اور تقریبا تین
سے چار انچ گہرا گملہ لیں گے گملے میں مٹی اور کمپوسٹ کی برابر مقدار مکس کرکے
لہسن کا ایک ایک جوا تین انچ کے فاصلے سے لگادیں کیونکہ اس کا سائز آہستہ آہستہ
بڑا ہوگا ۔لہسن کو دھوپ اور مناسب پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ لہسن کتنے دن میں تیار ہوگا اس کا انحصار
اس بات پر ہے کہ لہسن کی کوالٹی کیسی ہے اگر بڑا لہسن ہے تو تین سے چھ ماہ میں اگر
چھوٹا لہسن ہے تو چھ سے آٹھ نو ماہ بھی لگ سکتے ہیں ۔ لہسن بونے کے دو مہینے بعد
آپ کا ہرا لہسن تیار ہوجائے گا اس کو نکال کر استعمال کرسکتے ہیں اس وڈیو میں
تفصیل سے لہسن لگانا بتا یا گیا ہے ۔
مرچ اگانا
مرچ بھی پورے سال ہی نظر
آتی ہے لیکن موسم سرما میں اس کی نشوونما اچھی طرح ہوتی ہے اکتوبر کے آخری ہفتے یا
نومبر کے پہلے ہفتے میں بیج بودیں۔ مرچ
کی پنیری لگائی جاتی ہے اس کا گملہ کم از کم دس انچ کا ہو اس سے بڑا 16 یا
18 انچ کا گملہ میں ایک ہی پودا لگائیں گھر کی ضرورت کے لئے کافی ہوگا بالو مٹی
میں اس کے بیج بکھیر کر ڈال دیں میں نے پنیری بنانے کا جو طریقہ بتایا ہے اس ہی
طریقہ سے پنیری بناکر بیس سے ہچیس دن میں دوسرے گملے میں شفٹ کردیں جہاں اس کو
پورا پودا بنانا ہے۔ دو
مہینے میں ہی پھول آکر مرچیں بھی آنا شروع ہوجا ئیں گی ہفتہ میں ایک بار کیلے انڈے
کے چھلکوں کا لکویڈ بناکر ڈال دیں یہ وڈیو آپ کی تفصیل سے رہنمائی کرے گی ۔
پودینہ اگانا
پودینہ اگانا بہت آسان ہے
اس کو اس کی ٹہنیوں سے اگایا جاتا ہے جو پودینہ ہم مارکیٹ سے لاتے ہیں اس کے ہرے
پتے نکال کر استعمال میں لے آئیں صرف ٹہنیوں کو ایک گلاس پانی میں ڈال کر کمرے یا
کچن میں ہی رکھ لیں ایک ہفتہ بعد اس میں جڑیں نکل آئیں گی اب ان کو گملے میں
لگادیں پودینہ کے لئے گملے کی چوڑائی ضروری ہے کیونکہ اس کی جڑیں چوڑائی میں
پھیلتی ہیں مٹی میں کمپوسٹ مکس کرکے گملہ تیار کریں گے اس کے گملے کو ایسی جگہ
رکھیں جہاں زیادہ دھوپ نہ ہو صبح کی ایک سے دو گھنٹے کی دھوپ کافی ہے پانی نہ بہت
کم دیں نہ بہت زیادہ مٹی خشک نہ ہو ۔
ٹماٹر اگانا
ٹماٹر اگانابھی بہت آسان ہے ٹماٹر کی بھی پنیری لگائی جاتی ہے پنیری کے بیج لگانا پچھلی کلاس میں بتادیا تھا وہ آپ دوبارہ دیکھ لیں میرے بلاگ پر بھی کلاسز آپ کو مل جائیں گی ۔بیج لگانے کے بعد جب پنیری کے پودے بیس پچیس دن کے ہوجائیں تو انھیں کسی بڑے گملے میں منتقل کردیں ٹماٹر کے لئے کم از کم 14 ،16،18 انچ کی گہرائی اور چوڑائی کا گملہ مناسب رہتا ہے دو مہینے بعد پھول نظر آتے ہیں اور پھر ٹماٹر بھی لہرانے لگتے ہیں ٹماٹر کے پودے میں ٹریلز یا سہارے لگانا ضروری ہیں کسی لکڑی کی مدد سےبھی یہ کام ہوسکتا ہے ٹماٹر کے پودے کو صبح کے ٹائم کی چھ سے آٹھ گھنٹے کی دھوپ ضروری ہے اس کے پودے کو صبح کے وقت پانی دیں کوشش کریں کہ شام سے پہلے پانی دےدیں کیونکہ اس کے پودے پر بہت جلد کیڑے حملہ آور ہوجاتے ہیں۔
دھنیاں اگانا
دھنیاں بھی بہت آسانی
سے اگایا جاسکتا ہے کچن میں استعمال ہونے والے دھنیے کے بیجوں کو بونے کے لئے
استعمال کرسکتے ہیں یہ بیج گول ہوتے ہیں ان کو ہاتھ یا کسی دباؤ کی مدد سے دوحصوں
میں تقسیم کرلیں کیونکہ دھنیے کا ایک حصے سے ایک پودا بنتا ہے اس طرح ایک دانے سے
دو پودے بنیں گے اس کے لئے گملہ گہرا اور چوڑا ہو جتنی مقدار اگانا ہے اس کے مطابق
چوڑائی رکھ لیں کمپوسٹ اور مٹی مکس کرکے گملہ تیار کریں اس پر بیج بکھیر کر
ڈالدیں اوپر سے مٹی اور کمپوسٹ ڈال دیں پانی دیں اس کو دھوپ میں رکھیں لیکن زیادہ
تیز دھوپ نہ ہو اس کے پودے دس سے پندرہ دن میں نکلتے ہیں ۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں