جولائی کے مہینے میں پودوں کی دیکھ بھال
جولائی کا مہینہ پاکستان میں گرمیوں کے اختتامی مرحلے اور برسات کے آغاز کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس موسم میں نمی میں اضافہ ہوتا ہے، کچھ علاقوں میں شدید بارشیں ہوتی ہیں جبکہ کچھ مقامات پر دھوپ اور حبس برقرار رہتا ہے۔ اس ماہ میں پودوں کو خاص توجہ اور مناسب دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ وہ صحت مند اور تروتازہ رہیں۔ درج ذیل نکات جولائی میں باغبانی کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرتے ہیں-
1ـ پودوں کو پانی دینا ۔
جولائی کے مہینے میں بارش کی وجہ سے زمین میں نمی زیادہ ہو تی ہے، اس لیے روزانہ پانی دینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔گملوں کے پودوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں ورنہ جڑیں گل سکتی ہیں۔ پانی دینے سے پہلے مٹی چیک کریں۔
2-جڑی بوٹیوں کی صفائی
برسات کے موسم میں غیر ضروری جڑی بوٹیاں تیزی سے اگتی ہیں جو پودوں کی خوراک چوس لیتی ہیں۔ ان کو باقاعدگی سے صاف کریں۔
3ـ بیماریاں اور کیڑے
نمی کی زیادتی کی وجہ سے پودوں پر فنگس، افڈز . میل بگز اور دیگر کیڑے لگ سکتے ہیں۔ قدرتی اسپرے (جیسے نیم کے پتوں کا پانی لہسن، یا صابن کا پانی) استعمال کریں۔
اگر ضرورت ہو تو مناسب مقدار میں آرگینک یا ہلکا کیمیکل اسپرے کریں۔
4. کھاد کا استعمال
جولائی میں کمپوسٹ، گوبر کی پرانی کھاد، یا ورم کمپوسٹ استعمال کریں۔ یہ مٹی کو زرخیز بناتے ہیں اور پانی کو بہتر جذب کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
کیمیکل کھادوں سے گریز کریں، خاص طور پر بارشوں کے دوران کیونکہ وہ بہہ کر ضائع ہو سکتی ہیں یا پودے کو نقصان دے سکتی ہیں۔
5. گملوں کی جگہہ تبدیل کریں
بارشوں سے بچاؤ کے لیے گملوں کو ایسی جگہ رکھیں جہاں زیادہ پانی نہ بھرے۔
اگر گملے زمین پر رکھے ہیں تو ان کے نیچے اینٹ یا لکڑی کا سہارا رکھیں تاکہ پانی نکل سکے۔
6 ،سبزیوں اور پھولوں کی بیلیں ۔
جولائی کے مہینے میں کریلا، توری، بھنڈی، کھیرا اور لوکی خوب اگتی ہیں۔
بیلیں تیزی سے پھیلتی ہیں اگر بیل کا رنگ زرد ہونے لگے تو یہ پانی کی زیادتی یا غذائی کمی کی علامت ہو سکتی ہے۔
بیل دار پودوں کو سہارا دیں تاکہ وہ زمین سے اُٹھے رہیں۔
7- گرمی سے بچائیں
گرمی کی شدت میں پودے جلنے یا کمزور ہونے لگتے ہیں لیکن اگر مٹی کو گیلا رکھا جائے اور وقت پر نامیاتی کھاد دی جائے تو پودے نہ صرف زندہ رہتے ہیں بلکہ نئے پتے اور کونپلیں بھی نکالتے ہیں۔
8. نئی شجر کاری کا وقت
جولائی میں شجر کاری کا بہترین وقت ہوتا ہے کیونکہ مٹی نرم اور نم ہوتی ہے۔
اس وقت پھولوں، سبزیوں اور درختوں کے نئے پودے لگا سکتے ہیں
9-خشک سوکھے پتے پھول
اس مہینے میں بارش کا موسم ہمارے باغیچے کے لیے کسی رحمت سے کم نہیں
خشک پتوں اور سوکھے پھولوں کو باقاعدگی سے ہٹا دیا جائے تاکہ نئی کونپلیں پھوٹ سکیں.
10-مٹی کی گوڈی
پودوں کے تنوں کے قریب مٹی کو ہلکا سا ڈھیلا کریں جسے مٹی کی گوڈی کرنا کہتے ہیں تاکہ جڑوں کو سانس لینے کا موقع ملے۔
جولائی کے مہینے میں پودوں کی مناسب دیکھ بھال نہ صرف ان کی صحت برقرار رکھتی ہے بلکہ اگلے موسموں میں بہتر نشو و نما کے لیے بنیاد فراہم کرتی ہے۔ اگر ہم تھوڑی سی توجہ اور محبت کے ساتھ اپنے پودوں کا خیال رکھیں، تو وہ نہ صرف گھر کی خوبصورتی بڑھاتے ہیں بلکہ ہمیں آکسیجن، پھل، پھول اور ذہنی سکون بھی فراہم کرتے ہیں۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں