کبھی آپ نے غور کیا ہے کہ کچھ گھروں میں سامان تو بہت ہوتا ہے، لیکن پھر بھی سکون محسوس نہیں ہوتا؟ اور کچھ گھر بہت سادہ ہوتے ہیں، مگر وہاں جاتے ہی دل کو راحت ملتی ہے۔ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے؟ یہ سن کر شاید آپ کو حیرت ہو کہ اس کی وجہ گھر میں موجود غیر ضروری سامان ہے۔ یہ سامان صرف جگہ ہی نہیں گھیرتا، بلکہ ہمارا وقت، توجہ اور ذہنی سکون بھی اپنے ساتھ لے لیتا ہے۔
انسان کے گھر سے ہی اس کی شخصیت عادات کا بھی معلوم ہوتا ہے جب گھر میں ہر طرف غیر ضروری سامان جمع ہونے لگتا ہے تو جہاں جگہہ کی کمی محسوس ہوتی ہے وہیں انسان کا ذہنی سکون بھی متاثر ہوتا ہے گھر کو صاف ستھرا رکھنا بھی مشکل ہو جاتا ہے لوگ بار بار صفائی کرتے ہیں لیکن چند دن بعد گھر پھر بکھر جاتا ہے۔ اصل مسئلہ صفائی نہ کرنا نہیں بلکہ ضرورت سے زیادہ سامان جمع کرنا ہے۔
اس کے برعکس اگر گھر میں صرف ضروری سامان ہو سب سامان سلیقے سے رکھا ہو ایسے گھر سے سکون، سہولت اور اطمینان حاصل ہوتا ہے
۔
کسی چیز کی قیمت اس وقت پوری ہو جاتی ہے جب وہ آپ کی زندگی میں اپنا مقصد پورا کر دے۔ اگر وہ سالوں سے بند ڈبے میں پڑی ہے تو وہ آپ کی مدد نہیں کر رہی صرف جگہ گھیر رہی ہے۔
بکھرا ہوا ماحول دماغ کو مسلسل اشارہ دیتا ہے کہ ابھی بہت کام باقی ہے۔ اسی لیے بے ترتیبی صرف آنکھوں کو نہیں ذہن کو بھی تھکا دیتی ہے۔
اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ بے ترتیبی کا حل زیادہ الماریاں، زیادہ ڈبے یا مزید اسٹوریج بنانا ہے لیکن حقیقت میں اگر گھر میں موجود سامان ہی ضرورت سے زیادہ ہو تو نئی جگہ بھی کچھ عرصے بعد بھر جاتی ہے۔اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ انسان کے پاس بہت کم چیزیں ہوں۔ اصل مقصد یہ ہے کہ گھر میں موجود ہر چیز کی کوئی واضح ضرورت، استعمال یا اہمیت ہو۔ جب غیر ضروری اشیا کم ہو جاتی ہیں تو ضروری چیزیں آسانی سے نظر آتی ہیں انہیں تلاش کرنے میں وقت کم لگتا ہے اور گھر کی صفائی بھی نسبتاً آسان ہو جاتی ہے ۔ صفائی کو صرف روزانہ کے کام کے طور پر نہ دیکھا جائے بلکہ وقتاً فوقتاً پورے گھر کا جائزہ لیا جائے اس دوران ایک ہی قسم کی تمام چیزوں کو اکٹھا دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے پاس حقیقت میں کتنی اشیا موجود ہیں اس طرح غیر ضروری فضول خریداری سے بھی بچا جاسکتا ہے ۔
گھر کی ترتیب کا ایک اہم اصول یہ ہے کہ ہر چیز کی مستقل جگہ ہو۔ جب استعمال کے بعد ہر چیز اپنی مقررہ جگہ پر واپس رکھی جائے تو بے ترتیبی بڑھنے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔ اسی طرح نئی چیز خریدنے سے پہلے یہ سوچنا بھی مفید ہے کہ اسے کہاں رکھا جائے گا اور کیا اس کی واقعی ضرورت ہے۔
بہت سی اشیا ہماری یادوں سے جڑی ہوتی ہیں انہیں دیکھ کر ہمیں کسی عزیز شخص، کسی خوشگوار سفر یا زندگی کے کسی اہم مرحلے کی یاد آتی ہے۔ ان یادوں کی قدر اپنی جگہ اہم ہے لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ ہم یہ سمجھیں کہ یادیں صرف اشیا میں نہیں بلکہ ہمارے دل و دماغ میں بھی محفوظ رہتی ہیں۔ اس لیے ہر یادگار چیز کو ہمیشہ سنبھال کر رکھنا ضروری نہیں ہوتا اگر کوئی چیز اپنی اہمیت کھو چکی ہو تو اس کے ساتھ گزرا ہوا خوبصورت وقت یاد رکھتے ہوئے آگے بڑھنا بھی زندگی کا حصہ ہے۔
منظم گھر صرف ظاہری خوبصورتی پیدا نہیں کرتا بلکہ روزمرہ زندگی کو بھی آسان بناتا ہے۔ جب چیزیں اپنی جگہ پر ہوں تو وقت کم ضائع ہوتا ہے ذہنی دباؤ میں کمی آ سکتی ہے اور گھر کے تمام افراد کے لیے معمولات زیادہ سہولت سے انجام دینا ممکن ہو جاتا ہے۔ بچوں میں بھی نظم و ضبط کی عادت پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انہیں کم عمری سے ہی اپنی چیزیں استعمال کے بعد واپس رکھنے کی تربیت دی جائے۔
اس طرح اصل تبدیلی گھر سے زیادہ انسان کی سوچ میں آتی ہے۔ جب ہم ضرورت اور خواہش میں فرق کرنا سیکھتے ہیں سوچ سمجھ کر خریداری کرتے ہیں اور اپنے اردگرد صرف وہ چیزیں رکھتے ہیں جو واقعی ہمارے لیے اہم ہیں، تو نہ صرف ہمارا گھر زیادہ منظم ہوتا ہے بلکہ ہماری زندگی بھی زیادہ متوازن محسوس ہو سکتی ہے۔ سادگی کا مطلب محرومی نہیں بلکہ اپنی توانائی، وقت اور وسائل کو ان چیزوں پر خرچ کرنا ہے جو واقعی ہماری زندگی میں قدر و قیمت رکھتی ہیں۔
ہم اکثر ہر چیز یہ سوچ کر سنبھال کر رکھ لیتے ہیں کہ "شاید کبھی کام آ جائے۔" لیکن یہی چیزیں آہستہ آہستہ اتنی بڑھ جاتی ہیں کہ گھر بھر جاتا ہے۔ پھر صفائی مشکل لگنے لگتی ہے چیزیں وقت پر نہیں ملتیںں اور ذہن بھی ہر وقت بوجھ محسوس کرتا ہے یہ نہ سوچیں کہ کیا پھینکنا ہے بلکہ پہلے یہ فیصلہ کریں کہ واقعی آپ کیا اپنے پاس رکھنا چاہتے ہیں۔ ہر چیز کو ہاتھ میں لے کر خود سے پوچھیں: "کیا یہ چیز واقعی میرے کام آتی ہے یا مجھے خوشی دیتی ہے؟" اگر جواب ہاں ہو تو رکھ لیں اور اگر نہیں تو شکر کے ساتھ اسے رخصت کر دیں۔ اگر کوئی چیز اپنی ضرورت پوری کر چکی ہے تو اسے سنبھال کر رکھنے کی ضرورت نہیں۔ مثال کے طور پر اگر کوئی لباس کبھی پسند تھا لیکن اب نہ فٹ آتا ہے اور نہ استعمال ہوتا ہے تو اس نے اپنا مقصد پورا کر لیا۔ اب اسے احترام کے ساتھ رخصت کرنا بہتر ہو سکتا ہے۔
اگر غیر ضروری سامان بہت زیادہ ہو تو مزید الماریاں، ڈبے یا شیلف خریدنے سے مسئلہ حل نہیں ہوتا، بلکہ پہلے سامان کم کرنا ضروری ہے۔اس کے بعد وہ سامان کو اس طرح رکھیں کہ ہر چیز کی ایک مستقل جگہ ہو۔ جب استعمال کے بعد ہر چیز واپس اپنی جگہ رکھی جائے تو گھر کو منظم رکھنا آسان ہو جاتا ہے۔ایک اور اہم خیال یہ ہے کہ "ترتیب دینا" اور "سامان کم کرنا" ایک جیسے کام نہیں ہیں۔ اگر صرف چیزوں کو نئے ڈبوں یا نئی الماریوں میں منتقل کیا جائے تو مسئلہ عارضی طور پر چھپ جاتا ہے ختم نہیں ہوتا۔ اصل تبدیلی تب آتی ہے جب انسان یہ فیصلہ کرے کہ اس کی موجودہ زندگی میں کون سی چیزیں واقعی اہم ہیں۔جب بھی گھر میں کوئی نئی چیز لائیں ایک پرانی چیز باہر نکال دیں۔ اس سے سامان قابو میں رہتا ہے اور بے ترتیبی دوبارہ نہیں بڑھتی۔
جب اردگرد غیر ضروری سامان کم ہوتا ہے تو دماغ کو بھی کم چیزیں سنبھالنی پڑتی ہیں۔ اس سے توجہ بہتر ہوتی ہے، وقت بچتا ہے اور گھر میں سکون کا احساس بڑھتا ہے۔
۔

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں