آئیے باغبانی سیکھیے ۔(کلاس1)
پودوں کے عام مسائل
1-پودوں کے پتوں کا پیلا ہونا
پودوں کے پتوں کا پیلا ہونا گھریلو باغبانی میں پیش آنے والے عام مسائل میں سے ایک ہے۔ باغبان اکثر یہ دیکھ کر پریشان ہوجاتے ہیں کہ ان کا صحت مند پودا اچانک پیلا پڑنے لگا ہے کبھی صرف نچلے پتے پیلے ہوتے ہیں کبھی نئی کونپلیں زرد ہوجاتی ہیں اور کبھی پورا پودا ہی اپنی ہریالی کھونے لگتا ہے۔
سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ پتوں کا پیلا ہونا بذاتِ خود کوئی ایک بیماری نہیں، بلکہ ایک علامت ہے۔ اس کی اصل وجہ معلوم کیے بغیر کھاد، اسپرے یا کوئی گھریلو نسخہ استعمال کرنا بعض اوقات مسئلے کو مزید بڑھا سکتا ہے۔
پتوں کا رنگ سبز کیوں ہوتاہے؟
پتوں میں کلوروفل (Chlorophyll) نامی سبز مادہ موجود ہوتا ہے۔ یہ پودے کو سورج کی روشنی استعمال کرکے اپنی خوراک بنانے میں مدد دیتا ہے۔ اس عمل کو Photosynthesis کہتے ہیں۔
جب پودے میں کلوروفل کی مقدار کم ہونے لگتی ہے تو پتے پیلے دکھائی دینے لگتے ہیں۔ ایسا پانی کی زیادتی، غذائی اجزا کی کمی، جڑوں کی خرابی، نامناسب روشنی یا بعض بیماریوں کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔
پتوں کے پیلے ہونے کی وجوہات 1-ضرورت سے زیادہ پانی دینا
گھریلو باغبانی میں یہ ایک عام وجہ ہے۔ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ پودے کو جتنا زیادہ پانی دیا جائے گا وہ اتنا ہی تیزی سے بڑھے گا لیکن حقیقت میں پودوں کی جڑوں کو پانی کے ساتھ آکسیجن کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
جب گملے کی مٹی مسلسل پانی سے بھری رہتی ہے تو مٹی میں ہوا کے لیے موجود جگہیں پانی سے بھر جاتی ہیں۔ اس سے جڑوں کو آکسیجن کم ملتی ہے وہ کمزور ہونے لگتی ہیں اور پانی و غذائی اجزا جذب کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔
علامات
پتے پیلے پڑنے لگتے ہیں، خصوصاً نچلے پتے۔
مٹی کئی دن تک گیلی رہتی ہے۔
پودا مرجھایا ہوا دکھائی دیتا ہے، حالانکہ مٹی میں پانی موجود ہوتا ہے۔
جڑیں بھوری یا کالی، نرم اور بعض اوقات بدبودار ہوجاتی ہیں۔
پودے کی نئی بڑھوتری رک سکتی ہے۔
ارگنک علاج
اس کا آرگینک سدباب یہ ہے کہ پہلے پانی دینے کا معمول درست کریں۔ گملے کی مٹی کو انگلی سے چیک کریں اور پودے کی ضرورت کے مطابق پانی دیں۔ ہر پودے کو روزانہ پانی دینا ضروری نہیں۔ گملے کے نیچے نکاسی کے سوراخ لازمی ہونے چاہییں اور پلیٹ میں جمع پانی کو خالی کردینا چاہیے۔
اگر جڑیں صحت مند ہوں تو عموماً پانی کا معمول درست کرنے سے پودا بہتر ہوسکتا ہے۔ لیکن اگر جڑیں سڑ چکی ہوں تو انہیں دیکھ کر متاثرہ حصے صاف قینچی سے ہٹانا اور پودے کو مناسب نکاسی والی تازہ مٹی میں منتقل کرنا پڑسکتا ہے۔
پیلے پتے دوبارہ سبز ہوں گے یا نہیں یہ نقصان کی شدت پر منحصر ہے۔ بعض پتے مکمل طور پر پیلے ہوجانے کے بعد سبز نہیں ہوتے لیکن نئی بڑھوتری صحت مند ہوسکتی ہے۔
#gardeningwithaliakhan
(عالیہ خان)


تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں